میئر کراچی وسیم اختر کی زیر صدارت کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں طے کیا گیا کہ مہلک وائرس سے ہلاک ہونےوالے افراد کی تدفین کے لیے شہر میں 5 قبرستان مختص کر دیے گئے۔ اجلاس میں گورکنوں کو حفاظتی لباس دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا
5 قبرستان مختص
میئر کراچی وسیم اختر کی زیر صدارت کورونا وائرس سےجاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا سے انتقال کرجانے والوں کو کراچی کے 5 قبرستانوں میں دفن کیا جائے گا۔ وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین کراچی سینٹرل ڈسٹرکٹ میں نارتھ کراچی کے شاہ محمد شاہ قبرستان اور سرجانی ٹاون کے قبرستان میں کی جائے گی۔
اس کےعلاوہ مواچھ گوٹھ کے قبرستان میں بھی تدفین کی جاسکے گی جبکہ کورنگی اور ملیر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کوکورنگی 6 نمبر اوراورنگی ٹائون گلشن ضیاقبرستان میں سپردخاک کیا جاسکےگا۔ وسیم اختر کا اجلاس میں یہ بھی کہنا تھا کہ نماز جنازہ میں 2 قریبی رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ قبرستان میں میت کے آخری دیدار کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیے: کورونا کا خوف، ایدھی سینٹر کے سرد خانے بھی بند، حکومت کہاں ہے؟
گورکنوں کو حفاظتی لباس دینے کا فیصلہ
دوران اجلاس گورکنوں کو حفاظتی لباس دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ حفاظتی لباس کی فراہمی کے لیے پی ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جائے گا۔ ۔کورونا وائرس سےہلاک ہونے والوں کی تدفین کے حوالے سے اجلاس میں موجود ڈائریکٹر قبرستان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف قبرستانوں میں اب تک کورونا سے جاں بحق 4 افراد کی تدفین ہوئی ہے۔
واضح رہے کورونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ میں مزید 2 ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 1670 ہو گئی ہے۔