31 مارچ سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل
وزارت یوتھ افیئرز کے مطابق کورونا ریلیف ٹائیگر فورس پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ ڈیجیٹل فارم تیار ہے اور 31 مارچ کو سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ کردیا جائے گا۔کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے ڈیجیٹل فارم میں نام ،پتہ عمر، موبائل نمبر، یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی ممکن
کورونا ریلیف ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو کی صورت میں متحرک کام کرےگی۔ ۔کسی بھی قسم کی ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور خوراک پہنچائی جائے گی ۔جب کہ فورس کے ذریعے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کر نا ممکن ہوگی۔۔اس کے ساتھ رضا کار قرنطینہ سینٹرز میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی نگرانی پر بھی معمور ہوں گے۔
10 اپریل تک رجسٹریشن مکمل
وزارت یوتھ کے مطابق فورس کی تشکیل ہر یونین کونسل میں کی جائے گی اور 10اپریل تک کوروناریلیف ٹائیگرز فورس کے لیے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل ہوجائے گا ۔ٹائیگرز فورس میں 18 سال سے زیادہ عمر کے نوجوان رجسٹریشن کراسکتے ہیں جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت تائیرز فورس اپنی خدمات سر انجام دے گی۔ ملک بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ڈیٹا بھی شیئر کیا جائے گا
مزید پڑھیے: کورونا سے جنگ؛آئی سی سی امپائرعلیم ڈار بھی مشن کا حصہ بن گئے
واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم کی جانب سے کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن کی صورت میں عوام کو گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا۔جبکہ وزیراعظم عمران خان کئی بار ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی مخالفت کرچکے ہیں اور ان کا کہنا ہےکہ لاک ڈاؤن کے باعث سپلائی چین متاثر ہونے سے عوام کو اشیائے خورونوش کی قلت کا سامنا ہوگا۔