کورونا سے بچنے کے لیے ماہرین کی سیلف آئسولیشن کی تجویز
تنہاانسان کے لیے بیماری اور خاص کر کورونا سے لڑنا ایسا ہے جیسے زندگی کے لیے موت سے لڑنا۔ کورونا وائرس سے جنگ جیتنے کےلیے ماہرین نے سیلف آئسولیشن میں رہنے کی تجویز دی ہے مگر اکیلے رہنا آسان نہیں ہوتا جبکہ بیماری کے خوف میں مبتلا رہ کر وقت گزارنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے اوریہ اکیلا پن انسان کی ذہنی صحت کو متاثر کرنے کے ساتھ اسے سست اور ذہنی خلفشار میں مبتلا کر دیتا ہے.
کنگز کالج لندن کی ایک تحقیق کے مطابق قرنطینہ کے بعد ظاہر ہونے والی علامات کا تعلق ذہنی بیماری (پی ٹی ایس ڈی) پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر سے ہوتا ہے جس میں انسان غصہ، چڑچڑا پن اور تذبذب کا شکار ہوجاتا ہے۔
اس صورتحال میں ماہرین نے ذہن کو مصروف رکھ کر خوش رہنے کی چند تدابیر بتائی ہیں۔ تاہم آپ اپنی دلچسپیوں کے مطابق بھی اپنا روٹین بنا سکتے ہیں۔
باقاعدگی سے ورزش
ورزش ایک ایسا عمل ہے جو جسمانی ہی نہیں ،ذہنی طور پر بھی آپ کو صحت مند رکھنے میں معاون ہوتا ہے۔ قرنطینہ کے دنوں میں صبح سویرے اٹھ کرفجر کی نماز کے بعد باقاعدگی سے ورزش کیجیے ۔ آپ نا صرف خود کو چاق و چوبند محسوس کریں گے بلکہ یہ آپ کی صحت پر بھی اچھا اثر ڈلے گی۔
مطالعہ کا شوق
اگر آپ مطالعے کے شوقین ہیں توسیلف آئسولیشن میں رہ کر آپ کتابوں کے ذریعے دنیا سے جڑے رہ سکتے ہیں۔ اور اپنے مطالعے کے شوق کو پورا کر سکتے ہیں۔ کتابیں انسان کی دوست ہوتی ہیں یہ آپ کی سوچ کو وسعت عطا کرتی ہیں اور ذہنی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتی ہیں ۔
مزید پڑھیں : کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کیا لاک ڈاؤن واحد حل ہے؟
سیلف آئسولیشن میں رنگوں سے دوستی
اگر رنگ آپ کے دوست ہیں اور پینٹنگ کر کے آپ کو خوشی ملتی ہے تو فوراً اپنا کینوس اٹھائیں اور پنی ہر سوچ وخیال کو اس پر اتار دیجیے ۔ ماہرین کے مطابق رنگ آپ کی صحت پر اچھا اثر ڈالتے ہیں جبکہ پینٹنگ میں مصروف رہ کر آپ کو نہ توتنہائی کا خوف محسوس ہوگا اور نہ ہی وہ آپ پر قرنطینہ کے منفی اثرات ڈالے گی ۔
گارڈننگ اور نت نئے کھانے
پھول پودے زندگی کوایک خوگوار احساس عطا کرتے ہیں اور تنہائی کا سب سے بڑا اور صحت مند علاج باغبانی ہے۔ نت نئےاور رنگ برنگے پھول اور پودے لگانے سے جہاں طبیعت پر اچھا اثرپڑتا ہے۔ وہیں یہ آپ کے تنہائی کے احسااس کو زائل کرتے ہیں ۔ گھر میں پودے اُگانا اور اُن کی دیکھ بھال کرنا ہمارے مزاج اورعادات میں خوشگوار تبدیلی لاتا ہے اور یہ ذہنی تناوبھی دور کرتا ہے ۔
باغبانی دماغی، جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بہترین دوا ہے۔ اس کے ساتھ اگر مزے مزے کے کھانے کھانا اور بنانا آپ کا پسندیدہ مشغلہ ہے تو یہ آپ کو مصروف رکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ نت نئی ریسیپیز تیار کیجیے اور گھر والوں کو بھی خوش رکھیے۔