ملکہ برطانیہ بھی قرنطینیہ میں چلی گئیں
ووہان سے پھیلنے والی وبا نےتیزی سے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اور اب کورونا وائرس نے اپنا رخ شاہی محل کی جانب موڑ لیا ہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چند روز قبل شاہی محل میں خدمات سرانجام دینے والےایک ملازم میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ جس کے بعد ملکہ برطانیہ شاہی محل بکنگھم پیلس چھوڑ کر ونڈسر کیسل منتقل ہو گئی ہیں ۔
ملکہ برطانیہ کو قرنطینہ بھیجنے کا فیصلہ
ترجمان بکنگھم پیلس کے مطابق ملکہ برطانیہ اور پرنس فلپ کی مکمل صحت مند ہیں تاہم کورونا کے پیش نظر ملکہ برطانیہ کو قرنطینہ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ترجمان شاہی محل کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت محل میں تقریبا500 کے قریب ملازم موجود ہیں جب کہ گزشتہ ہفتوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ ملازم نے جس سے بھی ملاقات کی تھی وہ سب ہی افراد خود قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: عوامی حفاظت کے پیش نظر بلوچستان میں 15روزہ لاک ڈاون
برطانیہ میں لاک ڈاؤن کا اعلان
دوسری جانب کورونا وائر س کے بڑھتے کیسز کے باعث گزشتہ شب برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے بھی ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے انہوں نے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت کارروائی کا حکم بھی دیاہے۔ برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے کیسزکی مجموعی تعداد 6650 ہوچکی ہے جبکہ اب تک 335 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
واضح رہے کورونا وائرس دنیا کے 195 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 16 ہزار 553 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے متاثر ایک لاکھ سے زائد افراد شفایاب بھی ہو چکے ہیں۔