توپوں کی سلامی سے 23 مارچ کے دن کا آغاز
صبح کے آغاز کے ساتھ یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اس موقع پرنعرہ تکبیراور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے- 23مارچ پاکستانی قوم کا اپنے نظریے سے تجدید عہد وفا کا دن ہے ۔ نماز فجر میں وطن عزیزکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے باعث قوم آج انتہائی سادگی سے یوم پاکستان منا رہی ہے۔
یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ کی جاچکی ہیں،قومی اعزازات کی مرکزی تقریب آج ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہاؤسز میں ہونے والی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئیں۔جبکہ لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوئی۔
پوم پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم کا پیغام
وزیر اعظم عمران خان کا 23 مارچ کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 23مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے، اس دن مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے جبر سے چھٹکارے کےلیے ایک آزاد ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے تہذیب و تمدن کے تحفظ کےلیے بے مثال جدوجہد کا آغاز کیا اور اس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد مسلم ریاست معرض وجود میں آئی۔
وزیراعظم نےقوم کواتحاد قائم رکھنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط کی ضرورت ہے۔ پوری دنیا کو لپیٹ میں لینے والی آفت کا ہم نظم و ضبط کے ذریعے مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے قوم سے درخواست کی کہ قوم خوف میں مبتلا نہ ہوں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔وہ ذاتی طور پر اس وبا سے مقابلہ کرنے کے لیے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور امید ہے ان شاء اللہ پاکستان جلد اس آزمائش میں کامیاب ہوگا، اللہ تعالی موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے۔آمین
کرونا وائرس،پاکستانی عوام بلاول بھٹو کو سراہنے پر مجبور
کورونا وائرس کے خلاف قوم کو متحد ہونے کی ضرورت
یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہماری قوم کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، 1940 کا یہ وہ دن تھا جب لاہور کی تاریخی قرارداد پاس کی گئی۔ آج کے دن قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔۔اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھاکہ کورونا کے وبائی مرض کا مقابلہ کرنے کےلیےدنیا کی دیگر اقوام کی طرح پاکستانیوں کو بھی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔