شب برات رحمتوں،برکتوں،بخشش والی رات، آج اہل ایمان نوافل ادا کریں گے اور گڑگڑا کر اپنے رب کے حضور گناہوں اور خطاؤں کی معافی طلب کریں گے۔”لیلۃ النصف من شعبان‘‘ یعنی شعبان کی 15 ویں رات کو شب برات قرار دیا گیا ہے۔ اس رات کو براۃ سے اس وجہ سے تعبیر کیا جاتا ہے کہ اس رات عبادت کرنے سے اللہ تعالیٰ انسان کو اپنی رحمت سے دوزخ کے عذاب سے چھٹکارا اور نجات عطا کر دیتا ہے۔
رحمتوں،برکتوں والی شب برات
آج کی شب کو رزق، صحت، زندگی، موت اور خیر و شر کے فیصلوں کی رات بھی کہا جاتا ہے، اس لیے اہل ایمان اس رات مغفرت اور بخشش مانگتے ہیں اور اللہ تعالی سے اپنی رحمتوں کی التجائیں بھی کرتے ہیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں بخشش کی رات کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے جب کہ بڑی تعداد میں عوام قبرستانوں کا رُخ کر کے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھانے کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کی دعا بھی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیے: کےپی کے میں مساجد پر پابندی،صرف 5 افراد کو باجماعت نماز کی ادائیگی کا حکم
پاکستان علماء کونسل کی عوام سے اپیل
بخشش و مغفرت کی اس رات ملک بھر کی مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن اس سال کورونا وائرس کے باعث پاکستان علماء کونسل کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شب برأت کے موقع پر گھروں میں رہ کر عبادات کریں اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی توبہ کریں اور کورونا کی وبا اور کرب کی موجودہ فضا میں اللہ سے رحم و کرم اور پناہ کی طلب کریں۔